اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، انروا نے کہا ہے کہ ایک ہی حملے میں 6 اہلکاروں کی شہادت غزہ پر اسرائیلی جنگ کے آغاز سے اب تک کسی بھی صہیونی حملے میں بیک وقت شہید ہونے والے یو این اہلکاروں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
اس سے قبل غزہ کی شہری دفاع ایجنسی کے ماتحت النصیرات کیمپ میں اسپتال کے ذرائع کا کہنا تھا کہ یو این کے الجونی اسکول پر اسرائیلی حملے میں 14 افراد شہید ہوگئے ہیں، جبکہ اس اسکول میں ہزاروں بے گھر فلسطینیوں نے پناہ لی ہوئی ہے۔
انروا کا کہنا تھا کہ یہ گذشتہ 11 ماہ کے دوران پانچویں مرتبہ ہے جب اسرائیلی افواج کی جانب سے بے گھر فلسطینیوں کیلئے پناہ گاہ بنے اقوام متحدہ کے کسی اسکول پر حملہ کیا ہے۔
یو این عملے پر اسرائیلی حملوں پر احتساب کی عدم موجودگی ناقابل برداشت ہے۔ انتونیو گوٹیرس
اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے بیان جاری کرتے ہوئے غزہ میں سویلینز اور اقوام متحدہ کی تنصیبات پر اسرائیل کے فضائی حملوں کی مذمت کی ہے۔
ادھر اسرائیل نے دعویٰ کیا کہ اقوام متحدہ کے اسکول میں حماس کے جنگجوؤں کو نشانہ بنایا گیا ہے! تاہم حماس نے اسرائیلی دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ حماس اقوام متحدہ کے اسکول کو کسی بھی مقصد کیلئے استعمال نہیں کرتی۔
غاصب اسرائیلی فوج نے دو دن قبل خان یونس میں فلسطینی پناہ گزینوں کے خیموں پر ہزاروں کلوگرام وزنی بم گرا کر 40 فلسطینیوں کو شہید کر دیا تھا اور دعوی کیا تھا کہ گویا وہاں حماس کے مجاہدین چھپے ہوئے تھے تاہم حماس نے اس اسرائیلی دعوے کو بھی جھٹلا دیا تھا۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023ع سے اب تک غزہ میں غاصب صہیونی ریاست کے حملوں میں اب تک 41 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں کے باعث لاکھوں افراد بے گھر ہوکر کیمپوں میں پناہ لینے پر مجبور ہو چکے ہیں۔
یاد رہے کہ اسرائیلی حملوں میں شہید اور زخمی ہونے والوں نصف سے زائد تعداد صرف بچوں اور خواتین پر مشتمل ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
110